میرواہ گورچانی ،جدید دور میں بھی سوئی گیس کی سہولت سے محروم

228

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت ) میرواہ گورچانی جدید دور میں بھی سوئی گیس کی بنیادی سہولت سے محروم، منتخب نمائندے انتخابات کے موقع پر عوام سے کیا ہوا وعدہ بھول گئے۔ سید ضمیر الحق بخاری، میرواہ گورچانی کے شہری جدید دور میں بھی سوئی گیس کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ اس سلسلے میں میرواہ گورچانی کی غیر سیاسی فلاحی تنظیم عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں چیئرمین سید ضمیر الحق بخاری، راؤ رازق، خمیسو خان گورچانی،رانا خالد پپو، مولچند ارجنا اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں میرپورخاص سے منتخب آزاد رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ نے انتخابات سے قبل اس انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد گاما اسٹیڈیم میرپورخاص میں ایک بہت بڑے جلسہ عام میں وفاقی وزیر پیٹرولیم و گیس عمر ایوب کے ہمراہ میرواہ گورچانی شہر اور تعلقہ شجاع آباد کے دیگر علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کا اعلان کیا تھا مگر تین برس گزرنے کے باوجود بھی وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ چھے ماہ قبل سوئی گیس کی فراہمی کے لیے سروے بھی کیا گیا تھا مگر تاحال کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان،وفاقی وزیر پیٹرولیم و گیس اور رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ میرواہ گورچانی شہر کو سوئی گیس کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر پائپ لائن بچھائی جائے بصورت دیگر سوئی گیس کی حصولی کے لیے بھرپور جدو جہد شروع کی جائے گی۔