کوٹری ،لاکھوں روپے کی ادویات گیرج میں رکھنے کا انکشاف

217

کوٹری (پ ر) تعلقہ اسپتال مانجھند میں لاکھوں روپے مالیت کی ادویات گیرج میں رکھے جانے کا انکشاف۔ اسپتال انتظامیہ کی لاپروائی وغفلت سے ادویات خراب ہونے کا خدشہ، ایم ایس نے ادویات سے متعلق مؤقف دینے سے انکار کردیا۔شہری وسماجی حلقوں نے معاملہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ جامشورو کی تحصیل مانجھند میں تعلقہ اسپتال میں لاکھوں روپے مالیت کی ادویات اسٹور روم میں رکھے جانے کے بجائے گیرج میں رکھے جانے لگی ہے۔ اسپتال کی ایمبولنس کھڑی ہونے والی جگہ پر ادویات کے ڈھیر کی وڈیو شہریوں نے سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے جس میں ادویات کے کارٹن سے سیرپ کی بوتلیں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے لاکھوں روپے مالیت کی ادویات کو لاپروائی کرتے ہوئے گیرج میں ڈال رکھا ہے جس سے ادویات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جے یو آئی کی جانب سے اسپتال میں طبی سہولتوں کے فقدان پر احتجاج کرتے ہوئے اسپتال کے سامنے دھرنا دیا تھا جبکہ موجودہ ایم ایس نور اللہ لاڑک کو پہلے بھی غفلت برتنے پر اسپتال سے ہٹایا جاچکا ہے مگر سیاسی بنیادوں پر دوبارہ تعینات کردیا گیا ہے۔ شہری وسماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے معاملہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔