پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے

148

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہیں لیا گیا اور مہنگائی پر کنٹرول نہیں کیا گیا تو روڈوں اور گلی گلی گو عمران گو ہوگا، پی ٹی آئی سرکار ملک اور عوام کو ایسے حالات کی طرف نہ لے جائے جو عوام بجلی کے بل جلانے اور سول نافرمانی کی تحریک چلانے پر مجبور ہوجائیں، مطالبہ کرتے ہیں کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں عمران خان نے کنٹینر پر مہنگائی کیخلاف احتجاج کرکے بجلی کے بل جلائے اب عوام عمران خان کی حکومت میں مہنگائی کیخلاف اور بل جلانے کے لیے تیار ہوچکے ہیں، وفاقی حکومت نے پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ملک میں ریکارڈ مہنگائی برپا کردی ہے، وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں قمیتوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے عوام سے اربوں روپے لوٹنا چاہتی ہے جبکہ تبدیلی سرکار عوام کے لیے تباہی سرکار ثابت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار ملک میں مہنگائی کرکے ملک سے غربت نہیں غریب عوام کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے۔ ملک اور عوام کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے اب اس تبدیلی سرکار کو گھر جانا پڑے گا۔