ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے ،میاں زاہد حسین

364

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںزبردست اضافے سے عوام اور معیشت متاثر ہورہے ہیں۔ اس سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جائے گی اس لیے یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دے گا۔ جبکہ بجلی بھی مہنگی کی جا رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور اب پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمت بھی تاریخی بلندی پر ہے جس نے اشیائے ضروریہ کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے اور اسی وجہ سے عوام پر مجموعی طور پر کئی سو ارب روپے کا اضافی بوجھ بھی پڑا ہے اور عوام بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔