پاکستان کے حالات اچھے ہیں،کرکٹرز نیوزی لینڈ بورڈ پر برس پڑے

695

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیکورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کے اعلان پر سابق کرکٹرز نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھاکہ سیکورٹی سے متعلق کسی کو توقع نہیں تھی کہ یہ فیصلہ ہو گا، پاکستان کے حالات اچھے تھے، سمجھ سے باہر ہے کہ سکیورٹی کا مسئلہ کہاں سے آ گیا؟ دعا ہے سکیورٹی الرٹ صرف الرٹ ہی رہے، پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔وقار یونس کا کہنا تھاکہ پاکستان ایک پرامن جگہ ہے جہاں کرکٹ محفوظ ہے۔سابق کرکٹر عامر سہیل کا کہنا تھاکہ سکیورٹی کا بہانہ بناکر نیوزی لینڈ کا واپس جانا معمولی بات نہیں، ہمیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈسے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ چارٹرڈ طیارہ تو کل آئے گا یہاں منٹ منٹ میں چیزیں بدل جاتی ہیں۔عامر سہیل نے مزید کہاکہ ہمیں آئی سی سی سے براہ راست اور دو ٹوک بات کرنی ہوگی۔سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کا ردعمل میں کہنا تھاکہ ہم سیریز کیلیے پرجوش اور تیار تھے، سیریز کی منسوخی سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مجھے یقین ہے کہ ہماری حکومت نے کھلاڑیوں کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کیے تھے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان بھی نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلیے بہت محنت کی تھی، پی ایس ایل اور دیگر ٹیموں کا پاکستان آنا ہماری سکیورٹی کا ثبوت ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا تھاکہ یہ سوچ کر میں اور زیادہ افسردہ ہو رہا ہوں کہ ہمارے فینز کتنے اپ سیٹ ہوں گے؟ دنیا سے میں یہی کہوں گا کہ ہمارا ملک کرکٹ کیلیے محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ فینز سے یہی کہوں گا کہ ہم ان کی افسردگی کو خوشیوں میں بدلیں گے۔سابق کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ نیوزی لینڈ بورڈ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ،پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر دورہ منسوخ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ شعیب اختر کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کرکٹ کو قتل کردیا۔اس کے علاوہ اپنے بیان میں سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سکیورٹی کلیئرنس کے بعد آئی تھی اور پھر یہاں کئی دن سے موجود ہے۔ان کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دی گئی تھی، سیریزمنسوخ ہونے سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ہمیں یوں شرمندہ نہیں کرنا چاہیے تھا، اس سے بہتر تھاکہ ٹیم پاکستان نہ آتی۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ تمام یقین دہانیوں کے باوجود ایک غیر مصدقہ اطلاع پر دورہ منسوخ کردیا گیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو اندازہ ہے اس فیصلے کا کیا اثر ہوگا؟