انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان بھی خطرے میں 48 گھنٹے اہم

205

لندن(جسارت نیوز) انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے اچانک دورہ پاکستان منسوخ کرنے سے آگاہ ہیں اور انگلینڈ کے دورے سے متعلق 24 سے 48 گھنٹے میں فیصلہ کریں گے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سیکورٹی جواز بناکر دورہ پاکستان اچانک منسوخ ہونے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا جس میں کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاکستان سے جانے کے فیصلے سے آگاہ ہیں۔ ترجمان انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہماری سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور اگلے 24 سے 48 گھنٹے میں دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیں گے۔ دوسری جانب پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارا نیوزی لینڈ کی ٹیم سے واپسی سے کوئی تعلق نہیں، کرکٹ سیریز کی منسوخی نیوزی لینڈ کا یکطرفہ فیصلہ ہے۔واضح رہے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وہ بغیر کوئی میچ کھیلے کل واپس چلی جائے گی جب کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم 16 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جو 13 اور 14 اکتوبر کو روالپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں بابر اعظم کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کے اچانک فیصلے سے انتہائی مایوسی ہوئی، یہ سیریز متعدد فینز کے چہروں پر مسکراہٹیں لاسکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے اور ہمیں اپنے سیکورٹی اداروں پر فخر ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی ۔