عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو برباد کررہے ہیں،شاہد رشید بٹ

288

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد امیر ممالک اور عالمی مالیاتی ادارے مصائب کم کرنے کے بجائے مل کر ترقی پذیرممالک کی معیشت کو برباد کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے غریب ممالک صحت عامہ کے بحران، گرتی ہوئی برآمدات، کھانے پینے کی اشیاکی قیمتوں میں اضافہ، معیشت کے سکڑنے، قرضوں میں اضافہ، ادائیگیوں میں مشکلات اور آمدنی میں کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔ شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ امیر ممالک آئی ایم ایف اور دیگر عالمی ادارے منفی کردار ادا کر کے صورتحال کو مزید بگاڑ رہے ہیں جس سے دنیا بھر میںکروڑوں افراد خط غربت سے نیچے جا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کو اس بات کا ادراک نہیں ہے کہ مالی اور مالیاتی ڈسپلن اور اخراجات میں کمی کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور موجودہ حالات میں عالمی اداروں کے پرانے نسخے کارآمد نہیں رہے ہیں۔ایشیاء اور افریقہ کے غریب ممالک کو کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کم از کم ساڑھے چار سو ارب ڈالر کی فوری ضرورت ہے تاکہ معیشت کو رواں اور غربت کو کم کیا جا سکے جو انھیں نہیں دیے جا رہے ہیں جبکہ ورلڈ بینک کی ذیلی تنظیمیں اب بھی غریبوں کی فلاح کے لیے غریب ممالک کے بجائے نجی شعبہ کی با اثر کمپنیوںکو قرضے دینے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک نہ صرف وسائل قابض ہیں بلکہ ان کے پاس ضرورت سے زیادہ ویکسین بھی دستیاب ہے مگر وہ غریب ممالک کو مسائل سے نمٹنے میں مدد دینے کو تیار نہیں بلکہ بناوٹی اقدامات کر رہے ہیں۔