پاکستان اسٹاک میں مندی،62 فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوگئیں

320

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جمعہ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھر مندی کی زد میں آگئی ،کے ایس ای 100انڈیکس 200پوائنٹس گھٹ گیا جس کے سبب انڈیکس 46900پوائنٹس سے گھٹ کر 46600پوائنٹس پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے43ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ،کاروباری مندی کی وجہ سے62.28فیصد حصص کی قیمتیں بھی کم ہو گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،پیٹرولیم ،بینکنگ اور فوڈز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس نہ صرف47ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا بلکہ 47183پوائنٹس پر جا پہنچا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر حصص کی فروخت کے باعث انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور انڈیکس ایک موقع پر 46500پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ میںجمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں284.38پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 46920.46 پوائنٹس سے کم ہو کر 46636.08پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 177.85 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 18658.17 پوائنٹس سے کم ہو کر 18480.32 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32172.45پوائنٹس سے کم ہو کر 32010.20 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 43 ارب 89کروڑ11لاکھ 68 ہزار 771 روپے کی کمی واقع ہوئی۔