کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

568
حیدرآباد: جماعت اسلامی زون شمالی کے تحت مہنگائی و بیروزگاری کیخلاف مظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سندھ عبدالوحید قریشی خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی زون شمالی حیدرآباد کے تحت بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مسجدقبا ء ہیر آباد کے سامنے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن اسمبلی عبدالوحید قریشی، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ظہیر الدین شیخ اور امیر جماعت اسلامی زون شمالی اقبال قریشی نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبد الوحید قریشی نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا عوام پر پیٹرول بم گرانا انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر باقی چیزوں پر بھی پڑے گا اور مہنگائی بڑھے گی، حکمران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لے۔ عبدالوحید قریشی نے کہا کہ ملک میں کرپشن اورمہنگائی کاراج ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری سے لوگ خود کشی کر نے پر مجبور ہیں۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی و بیروزگاری حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، آٹے،چینی کے بحران اوراشیائے ضروریہ کی قیمتوںمیں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی۔لوٹ مار میں پہلے سے بھی اضافہ ہوا،تمام پارٹیاں ناکام ہو چکی ہیں اب صرف جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے۔