کورونا سے مزید 68 اموات ،برطانیہ نے پاکستان کو ریڈلسٹ سے نکال دیا

153

اسلام آباد/ کراچی / لاہور/ لندن (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید68 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 72 ہوگئی جبکہ 2 ہزار 928 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد12 لاکھ 18 ہزار 749 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کے 57 ہزار 626 ٹیسٹ کیے گئے‘ مثبت کیسز کا تناسب 5.08 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید19مریض انتقال کر گئے‘ 17670 ٹیسٹ کیے جانے پر 665 نئے کیسز سامنے آئے‘ اس وقت 28908 مریض زیر علاج ہیں‘ 559 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 54 کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے تقریب کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہاکہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کو ہر قسم کی طبی سہولت دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘ کورونا کا بڑی بہادری اور مربوط حکمت عملی سے مقابلہ کیا ہے‘ دنیا ہماری حکمت عملی کی معترف ہے۔ برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا۔ برطانوی ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری گرانٹ شاپس کے مطابق برطانیہ نے پاکستان، ترکی اور مالدیپ سمیت 8 ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ریڈ لسٹ سے باہر آنے کے فیصلے کا اطلاق بدھ 22 ستمبر کی صبح 4 بجے سے ہوگا‘ بین الاقوامی سفر کے لیے 4 اکتوبر سے نیا نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ ٹیلی گراف کا کہنا ہے کہ اگلے بدھ (22 ستمبر) سے برطانیہ آنے والے ہوٹل میں قرنطینہ کیے بغیر گھروں میں جا سکیں گے۔دوسری جانب پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے‘ ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد مکمل ویکسین شدہ افراد کو پاکستان سے برطانیہ آنے پر قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔