یوٹیلیٹی اسٹورز کی لاکھوں ٹن سستی چینی اسمگلنگ کا انکشاف

273

اسلام آباد (آن لائن) یوٹیلیٹی اسٹورز کی کروڑوں روپے مالیت کی لاکھوں ٹن سستی چینی اسمگل کرنے بڑا سکینڈل سامنے آگیا ہے ۔ وزارت صنعت و پیداوار اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے افسران کی ملی بھگت سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی لاکھوں ٹن چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کسٹم حکام نوشہرہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ چینی اسلام آباد نارتھ، اسلام آباد ساؤتھ اور راولپنڈی کے وئیر ہاؤس سے چوری کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں یوٹیلیٹی اسٹورز
کی چینی کا ایک اور ٹرالر ایف آئی اے نے گوجر خان میں اپنی تحویل میں لے لیا، ذرائع کا کہناہے کہ گوجر خان میں پکڑے جانے والا ٹرالر میں 35 ہزار میٹرک ٹن چینی موجود ہے ۔گوجر خان میں پکڑے جانے والے ٹرالر کی چینی لاہور کے وئیر ہاؤس سے چوری کی گئی۔ وزارت صنعت و پیداوار اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے افسران کسٹم حکام سے چینی چھڑوانے کے لیے ساز باز میں مصروف ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹم اور ایف آئی اے حکام نے پکڑی جانے والی چینی پر تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں کی۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز طحہ مغربی اور ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز نے موقف دینے سے انکار کردیا ۔ ترجمان وزارتِ صنعت و پیداوار کاکہنا تھا میرے پاس اس حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں۔کسٹم حکام نے ابھی تک ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا۔