شہریار آفریدی کو نیویارک ائرپورٹ پہنچنے پر کڑی تفتیش کا سامنا

330

نیویارک (آن لائن) قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کو نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائرپورٹ پہنچنے پر کڑی تفتیش کا سامنا کرنا پڑا‘ پا کستانی قونصلیٹ کی تحریری ضمانت پر کئی گھنٹے بعد داخلے کی اجازت مل گئی۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق شہریار آفریدی اوورسیز پاکستانیوں کی ایک غیر سرکاری تنظیم کی دعوت پر نیویارک ائرپورٹ پہنچے تو امریکی امیگریشن حکام انہیں اپنے ہمراہ لے گئے جہاں ان سے3 گھنٹے تک سوال و جواب کیے گئے جن سے امریکی حکام مطمئن نہ ہوئے جس پر ذرائع کے مطابق انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم سرکاری پاسپورٹ پر سفر کرنے والے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے کی اجازت دی گئی جس کے بعد پاکستانی سفیر اسد مجید خان کی ہدایت پر نیویارک میں متعین پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے ائرپورٹ کے امیگریش حکام سے ملاقات کرکے انہیں شہریار آفریدی کی ضمانت دیتے ہوئے تحریری درخواست دی جس پر انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت مل گئی اور وہ اپنے میزبانوں کے ہمراہ روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق شہریار آفریدی نے نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ کو اپنے دورے سے بے خبر رکھا تھا۔