ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی واشنگٹن میں عالمی بینک پینل ڈسکشن میں شرکت

170

واشنگٹن (صباح نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جنوبی ایشیا میں انسانی سرمائے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق عالمی بینک کی 7 ویں پینل مباحثے میں شرکت کی۔ عالمی بینک کے جنوبی ایشیا میں علاقائی انضمام ، تعاون اور مشغولیت نے عوامی تقریب کی میزبانی کی جو عالمی بینک گروپ لائیو پیج پر نشر کی گئی۔ ڈاکٹر ثانیہ سے کہا گیا کہ وہ خطے کے لیے کووڈ 19احساس ایمرجنسی کیش سے سیکھے گئے اسباق شیئر کریں۔اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا احساس کووڈ 19 کا تجربہ دوسرے ممالک کے لیے بہت اہم ہے جو منفرد شناختی نظام استعمال کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ سیل فون ایس ایم ایس میسجنگ ، انٹرنیٹ کنیکٹوٹی ، نیشنل آئی ڈی ، اور کمرشل بینکوں کی صلاحیت کے ذریعے ، ڈیمانڈ بیسڈ سسٹم بنایا جا سکتا ہے تاکہ مصیبت میں مبتلا افراد کو بحران کے وقت سماجی مدد پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تجربے نے ہمیں سکھایا ہے کہ ڈیٹا انوویشنز اور ڈیجیٹل ڈیلیوری سسٹم ، صرف اس وقت تعینات کیے جا سکتے ہیں جب دیانت داری، شفافیت اور مجموعی طور پر جوابدہی کا عزم ہو۔ پینل میں سینئر پالیسی ساز اور حکومتوں کے نمائندے ، ٹیک انٹرپرینیورز، ماہرین تعلیم اور جنوبی ایشیا سے سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔ تقریب کی میزبانی سی سائل فرومان، ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیا نے کی۔ ڈاکٹر ثانیہ کے ہمراہ ، دیگر پینلسٹ میں ڈاکٹر کھونڈیکر اے ماموم ، سی ایم ای ڈی بنگلہ دیش کے بانی ، نیپال سے ربی کرماچاریہ اوردیگر شامل تھے۔