حادثات و واقعات میں 14 سالہ لڑکے سمیت 9 افراد جاں بحق

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں خود کشی اور ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں 9افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،جاںبحق ہونے والوں میں14سالہ لڑکا بھی شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح بلوچ کالونی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار دو دوستوں کو کچل دیا حادثے میں کمسن لڑکا جاں بحق جبکہ اس کا دوست زخمی ہوگیا۔جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں جاں بحق کی شناخت 16سالہ عثمان ولد نذیر اور زخمی کی شناخت 20سالہ عطاالرحمن ولد یاسین کے نام سے ہوئی لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایمبولنس میں جناح اسپتال لائی گئی ، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 21سالہ احمد علی ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی جو کورنگی کا رہائشی بتایا جاتا ہے ،بن قاسم تھانے کی حدود میں اسٹیل مل پل کے قریب سے ۱یک 30سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی مقتول کو تشدد کر کے قتل کیا گیاتھا، بن قاسم پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی پولیس کے مطابق لاش کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ہوسکے۔ جناح اسپتال مین گیٹ کے قریب تیز رفتار بس کی زد میںآکر 35سالہ راہ گیر جاںبحق ہوگیاحادثے کی اطلاع پر پولیس نے لاش اسپتال منتقل کردی متوفی کی رات گئے تک شناخت نہ ہوسکی تھی۔ سائٹ میں حبیب بینک پل کے قریب سے ایک 40سالہ شخص اور جامع کلاتھ کے قریب صابری نہاری کے سامنے پارک سے ایک 35 شخص کی لاش ملی پولیس کے مطابق دونوں افراد کی شناخت نہ ہوسکی تاہم وہ حلیے سے نشے کے عادی لگتے ہیں لانڈھی ظفر ٹاؤن پل کے قریب ٹرین کی ٹکر سے ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا متوفی کی رات گئے تک شناخت نہ ہوسکی تھی لانڈھی پولیس نے لاش اسپتال منتقل کردی۔ سرجانی خدا کی بستی حسن بروہی گوٹھ میںگھر سے 45سا لہ محمد اکرم ولد محمد رفیق کی لاش ملی جس کی موت گلے میں پڑے پھندے کی وجہ سے ہوئی تھی واقعہ کی اطلاع پر سرجانی پولیس نے لاش عباسی ہسپتال منتقل کردی، متوفی کے اہل خانہ نے بتایا کہ متوفی نے خود کشی کی ہے تاہم پولیس واقعہ کی ہر پہلوسے تحقیقات کررہی ہے۔