پاکستان طالبان کو وعدوں کی تکمیل پر قائل کرے، امریکا

519

نیویارک (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کو ان کے وعدوں کو پورا کرنے پر قائل کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرے۔ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم پاکستانی ہم منصبوں اور قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم نے افغانستان سے متعلق تفصیلی بات کی ہے۔سیکرٹری خارجہ کے بیان پر تصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ انٹونی بلنکن افغان عوام کی حمایت کے حوالے سے پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے بیانات کا حوالہ دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ چاہتے ہیں کہ یہ ممالک تعمیری کردار ادا کریں تاکہ ہماری مشترکہ ترجیحات حاصل ہوسکیں، ان ترجیحات میں انسانی خدشات، افغان عوام کے حقوق اور افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ موجودگی کے دوران حاصل ہونے والے فوائد کا تحفظ شامل ہے۔اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ افغانستان کی سرزمین دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، نیڈ پرائس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم سب ایک ہی سمت میں آگے بڑھ رہے ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں ایسی جامع حکومت کی وکالت کی ہے جسے بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہو، ہم پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کی طرف دیکھتے رہیں گے تاکہ ان کے عوامی بیانات اور وعدوں پر عملدرآمد کو دیکھ سکیں۔