پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ون ڈے منسوخ

234

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا آج ہونے والا سیریز کا پہلا ون ڈے ناگزیر وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں آج ہونے والا پاک نیوزی لینڈ میچ منسوخ ہو گیا ہے تاہم پاکستان بورڈ کی جانب سے فوری طور پر باضابطہ فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

نجی ٹی وی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ کورونا کے خدشات کے باعث میچ منسوخ کیا گیا ہے، تمام کھلاڑیوں کو کمروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ہوٹل سے روانہ نہیں ہوئی تھیں جب کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی آج بارہ بجے ہونے والی پریس کانفرنس بھی ملتوی کر دی  گئی اور عین ٹاس کے وقت یہ اطلاع سامنے آئی کہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

ساتھ ہی ضروری اسٹاف بھی اسٹیڈیم سے غائب تھا، براڈکاسٹرز، کیمرہ مین اور دیگر عملہ بھی اسٹیڈیم میں موجود نہیں تھا۔

صبح سے ہی پچ کی حتمی تیاری کے لیے اسٹاف میدان میں نہیں پہنچا تھا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو میچ منسوخی کے حوالے سے اندازہ ہو گیا تھا۔