‘انٹیلی جنس ایجنسیز کی رائے میں نیوزی لینڈ ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں’

625

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں فوادچوہدری نے لکھا کہ اب سے کچھ دیر قبل وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور PCB کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا رہا ہے پاکستان میں کرکٹ کی پرامن بحالی بھارت کو پسند نہیں آئی، پاکستان میں سیکورٹی صورتحال بہترین ہے آخری وقت میں سیریز منسوخ کرنے کی سمجھ نہیں آئی کوئی دشمن ہی ہے جس نے اس پلیٹ فارم پر سازش کی ہے۔