قومی اسمبلی: سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد منظور

269

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں حکومتی رہنما علی محمد خان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے حق میں قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہے، سید علیا گیلانی جدوجہد آزادی کے روح رواں تھے، ایوان سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے لیے مقدمات کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے ذریعے عالمی برداری سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

کئی سال سے بھارتی حکومت کی جانب سے نظر بند کیے گئے سید علی گیلانی یکم ستمبر کو اس دنیا سے کوچ کر گئے۔ بزدل بھارتی فوج نے کشمیریوں کو سید علی گیلانی کے جنازے میں شرکت سے روکنے کے لیے رات کے اندھیرے میں ان کی زبردستی تدفین کرا دی تھی جس میں خاندان کے چند افراد ہی شریک ہوسکے تھے۔