ظالم حکمران عوام کو بغاوت پر مجبور کر رہے ہیں، شہباز شریف

160

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے حس اور ظالم حکمران عوام کو بغاوت پر مجبور کر رہے ہیں، بدترین حالات حکمرانوں کی ناکامی کی چیخ چیخ کر دہائی دے رہے ہیں
جو اپنی ناکامیوں پر استعفا دینے کے بجائے ملک اور قوم کو اندھے کنویں میں لے جارہے ہیں، اس ظلم کے خلاف احتجاج کریں گے، اس طرح ملک چل سکتا ہے اور نہ ہی غریب کا گھر۔ اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 5 روپے اور اس سے زائد اضافہ کرکے ظالم پی ٹی آئی حکومت نے تاریخی مہنگائی کی چکی میں پستے عوام پر مہنگائی کا نیا بم چلایا ہے۔ حکومت کی معاشی دہشت گردی اور ملک کی معاشی تباہی پاکستانی عوام کیلیے قیامت صغریٰ سے کم نہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے اضافے پر کہا ہے کہ تحریک انصاف مہنگائی کی چکی میں عام آدمی کا تیل نکال رہی ہے آٹا، چینی، پیٹرول سمیت کون سی ایسی چیز ہے جسے اس حکومت میں مہنگائی کا جن نہ کھا گیا ہو؟ علاوہ ازیں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیںانہیں گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں اور نہ ہی یہ پتا ہے کہ سائیکل کتنے کی مل رہی ہے، غریب عوام کو عمران صاحب کی طرف سے گھوڑے اور سائیکل خریدنے کا مشورہ بھونڈا مذاق ہے۔