شہادت قرآن مجید میں ملوث افراد کو سزا دی جائے، امداد اللہ بجارانی

85

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ تعلقہ ٹھل شہر کی جانب سے واقعے بے حرمتی و شہادت قرآن مجید میں ملوث افراد کی عدم گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ اور روڈ بلاک کردیا۔ جماعت اسلامی یوتھ تعلقہ ٹھل شہر کی جانب سے واقعہ بے حرمتی و شہادت کلام پاک میں ملوث افراد کی عدم گرفتاری کیخلاف شاندار ریلی نائب امیر جماعت اسلامی ضلع امداد اللہ بجارانی اور ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی یوتھ اعجاز احمد لاشاری، عابد لاشاری صدر جے آئی یوتھ ٹھل کی قیادت میں جونگل چوک سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ ریلی میں عام شہریوں کے ساتھ یوتھ کے بڑی تعداد میں کارکنان شریک تھے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کے نام سے وجود رکھنے والے ملک پاکستان میں قرآنِ کریم کی بے حرمتی کی جائے اور کلام پاک کو شہید کیا جائے اور پھر انتظامیہ اس میں ملوث ملعونو کو گرفتار کرنے میں سستی کا مظاہرہ کرے تو یہ ہم سے برداشت نہیں ہوگا، اس لیے ہم انتظامیہ کو کہتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کو قرار واقعی سزا دے تاکہ آئندہ اس کی قسم گھناؤنی حرکت کرنے کا کوئی سوچ بھی نہ سکے۔ ریلی کے شرکاء نے مین شاہراہ کالج روڈ بلاک کرکے دھرنا دیا جس سے کئی گھنٹے تک ٹریفک معطل ہوگیا۔ بعد ازاں ضلعی DIB انچارج انیس سومرو وہاں پہنچے اور ریلی کی قیادت کو واقعے میں ملوث افراد کی جلد گرفتاری کے وعدے پر روڈ کھلوایا۔