میرپورخاص، اہم شاہراہوں پر نصب سولر لائٹ تباہ حالی کا شکار

125

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) اہم شاہراہوں پر نصب کروڑوں روپے کی سولر لائٹ دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے تباہ حالی کا شکار ، دیکھ بھال نہ ہونے سے شہر کی اہم شاہراہیں عمرکوٹ روڈ اسپتال روڈ مارکیٹ چوک سمیت دیگر شاہراہیں بجلی بند ہونے کی صورت میں اندھیرے میں ڈوب جاتی ہیں، سولر لائٹس بند ہونے کا فائدہ چور اُٹھانے لگے۔ میرپورخاص شہر کو روشن اور خوبصورت بنانے کے لیے کروڑوں روپے کی سولر لائٹیں شہر کی اہم شاہراہوں، پوسٹ آفس چوک، اسٹیشن روڈ عمرکوٹ روڈ، مارکیٹ چوک، کورٹ روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کے علاقوں غریب آباد، ٹورآباد، سیٹلائٹ ٹائون، چاندنی چوک سمیت دیگر جگہوں پر نصب کیے گئے تھے تاکہ رات کے اوقات میں بجلی نہ ہونے کی صورت میں ان سولر لائٹس سے شہر کی اہم شاہراہیں روشن رہیں اور شہریوں کو آمدو رفت میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہری چوری و ڈکیتی سے بھی محفوظ رہیں، کئی سال قبل لگنے والی ان سولر لائٹس کی اچھی طرح سے دیکھ بھال نہ ہونے سے کروڑوں روپے مالیت کی سولر لائٹس اب خراب ہونا شروع ہوچکی ہیں، مشکل سے چند ایک ہی رات کے اوقات میں روشن نظر آتی ہیں جبکہ 95 فیصد لائٹس خراب ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے رات کے اوقات میں جب بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے تو شہر کی یہ اہم شاہراہیں اور علاقے مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں جس کا فائدہ چور اُٹھاتے ہیں اور شہری اپنی قیمتی اشیا ء سے محروم ہو جاتے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں نصب سولر لائٹس پر توجہ مرکوز کریں تاکہ شہر ایک بار پھر سے روشن ہوسکے۔