پیٹرول کے نرخ میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے،مخدوم علی

94

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہیں، پیٹرول 5 روپے مزید مہنگا ہوگیا، خان صاحب! قوم کے اچھے دن کب آئیں گے، پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے۔ ڈالر، پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے، تو ہر شے دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلائوں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے۔ عوام رو رہی ہے اور عمران خان چین کی بانسری بجا رہے ہیں، بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ سستا پیٹرول دینے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابقہ ضلعی چیئرمین مخد وم علی محمد ولہاری اور سابقہ ضلعی کونسل کے ممبر مخدوم معر وف ولہاری نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کے نرخوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن فیصلہ قراردیدیا،پڑول کے نرخوں میں فی لیٹر پانچ روپے اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا، پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں ، پیٹرولیم مصنوعات اس وقت ملک کی بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے عوام پہلے ہی حکومت سے بدظن ہو چکے ہیں ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میںاضافہ عوام کے اندر اشتعال پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو منصوبہ بندی کرنے کے احکامات دیں نہ کہ عوام کی مشکلا ت میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کا سلسلہ نہ رکنے کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے اور حکومتی پالیسیاں عام آدمی کو بند گلی میں لیکر جارہی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے غریب اور متوسط طبقہ متاثر ہوگا۔ اس وقت عام آدمی کی قوت خرید خطرنا ک حد تک کم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمے داری ہوتی ہے وفاقی حکومت عام آدمی کو سہولیات اور ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔