عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں

189

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) سانگھڑ سندھ بلوچ عوامی اتحاد آئندہ الیکشن میں سندھ بھر سے حصہ لے گی، دریحان خان بگٹی، سیاست میں کوئی بھی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، سیاسی اتحاد سوچ سمجھ کر عوامی مفادات کو مدے نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ سیاسی اور سماجی سرگرمیاں جاری ہیں، عوام کے جائز مسائل حل کرنے کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ سانگھڑ سندھ بلوچ عوامی اتحاد کے چیئرمین دریحان خان بگٹی نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی وسماجی عوامی کاموں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ سندھ بلوچ عوامی اتحاد آئندہ الیکشن میں بھرپور نمایاں حیثیت میں حصہ لے گا، سندھ بھر سے عوامی نمائندے الیکشن میں سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بسنے والی تمام قومیں قابل احترام ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ اتحاد کو مضبوط بنایا جائے۔ دریحان خان بگٹی نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ گزشتہ بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کیا مگر پیپلز پارٹی نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے مگر اس کے باوجود ہم نے اپنی یونین کونسل میں اپنی بساط کے مطابق کام کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیاسی اتحاد کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ ہوسکتا ہے، کیونکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور سیاست میں ٹیبل ٹاک کے دروازے بند نہیں کیے جاسکتے، سماجی کاموں کے لحاظ سے کہا ہے کہ عوامی رابطہ مہم میں مزید بہتر کرنے کے اقدامات کیے ہیں، سوشل رابطہ مہم واٹس ایپ نمبر بھی دیا جارہا ہے تاکہ عوامی رابطہ مہم کے ذریعے عوامی مسائل کو حل کیا جاسکے۔