سابقہ بلدیاتی قیادت طفل تسلیاں دیتے ہوئے رخصت ہوگئی

90

ماتلی (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی ماتلی کے وارڈ نمبر 5 محلہ غریب آباد کے مکینوں اور سماجی کارکنوں نے اپنے محلہ کو ترقیاتی اسکیموں میں نظر انداز کرنے کیخلاف الغربا چوک سے کلب چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ کلب چوک پر ریلی میں روشن علی سومرو، ملوک سموں، زلفی، یاسرراجا اورعلی حیدر نے تقاریر کیں۔ مقررین نے کہا کہ غریب آباد کے ترقیاتی کام ماتلی کے بیوٹی فکیشن پروجیکٹ میں شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ بلدیاتی قیادت صرف طفل تسلیاں دیتے ہوئے رخصت ہوگئی اور اب چیف میونسپل آفیسر بھی دلاسے دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسند اور نا پسند کے اصول کے تحت کام کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری بلدیات سے میونسپل کمیٹی ماتلی کے فنڈ کے حوالے سے نظر آنے خورد برد کیخلاف چھان بین کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے ملنے والے فنڈز کو مال غنیمت کی طرح لوٹنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔