کوروناسے مقابلے کیلیے حکومت کیساتھ ہیں‘سید ریحان علی

132

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)معروف سماجی شخصیت اور بْررس جاپان کے سی ای او سید ریحان علی نے کہا ہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری اور سماجی تنظیمیں کورونا ایس او پیز کے تحت کاروباری سرگرمیاں چلائیں گی، کورونا وبا سے مقابلے کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں۔ گزشتہ روز میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں سید ریحان علی نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام اور تاجر برادری این سی او سی اور سندھ حکومت کی جانب سے کاروباری سرگرمیوں کو رات 10 بجے تک جاری رکھنے، جمعہ کو سیف ڈے ختم کرکے کاروبار کھولنے سمیت ریسٹورنٹ اور شادی ہال کو ان ڈور کام کرنے کی اجازت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے اور وفاقی وزیر اسد عمر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے گزشتہ 18 ماہ سے کورونا کی وجہ سے مشکلات کے شکار کاروباری افراد کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے کاروبار،ریسٹورنٹ اور تقریبات کو کھولنے کے احکامات دیے۔سید ریحان علی نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن سے کراچی، حیدرآباد اور سندھ بھر کے عوام اور تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے،تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب لوگ شدید پریشانی سے دوچار تھے۔