پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز آج شروع ہوگی

398
راولپنڈی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کپتان کا ون ڈے ٹرافی کے ساتھ فوٹو

راولپنڈی (سید وزیر علی قادری)17 ستمبر آج وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان 18 سال بعد ایک مرتبہ پھر اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ اور آئی سی سی کی موجودہ ٹیمز رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج جبکہ آئندہ دونوں میچز اتوار اور منگل کو کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے تینوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ چوتھا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں کسی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ یہاں اب تک کھیلے گئے تینوں ون ڈیا نٹرنیشنل میچز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابراعظم جبکہ مہمان ٹیم وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام لیتھم کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 107 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ اس دوران ایک میچ برابر جبکہ 3 بے نتیجہ ختم ہوئے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 11 فروری 1973 جبکہ آخری میچ 26 جون 2019 کو کھیلا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز پاکستان کے یاسر حمید نے (356 رنز) بنائے جبکہ محمد سمیع نے 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں۔ یہ وہ وقت تھا جب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلا کرتی تھی۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی مینز ون ڈے انٹرنیشنل ٹیمز رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کا نمبر چھٹا ہے۔ سیریز میں کلین سوئیپ کی صورت میں پاکستان کی ٹیم ایک درجہ ترقی کے ساتھ اس فہرست میں 5ویں اور نیوزی لینڈ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر جاسکتا ہے مگر اس کے علاوہ سیریز کے نتائج کچھ بھی ہوں دونوں ٹیموں کی اس رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔