نکالے جانے سے قبل استعفیٰ دے دیا، وقار یونس

50

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ مصباح نے استعفیٰ دیا تو میرا عہدہ رکھنے کاجواز نہیں بنتا تھا جبکہ کووڈ 19بھی استعفی دینے کی ایک وجہ بنا ، ہمیںاندازہ ہوگیا تھا کہ کیا ہونے والا ہے، اس سے پہلے کہ ہمیں نکالا جاتا ہم نے خود استعفیٰ دیدیا۔اپنے ایک انٹرویو میںوقار یونس نے کہا کہ مجھے اور مصباح کو اندازہ ہوگیا تھا کہ کیا ہونے والا ہے، اس سے پہلے کہ ہمیں نکالا جاتا ہم نے خود استعفی دے دیا ۔ قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ نے کہا کہ رمیز راجا پہلے چیئرمین ہیں جو کرکٹ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں،ان سے بہتر کرکٹ کوئی نہیں سمجھے گا۔انہوں نے کہا کہ صرف ہم نہیں بدلے پورا کرکٹ بورڈ بدلاہے مصباح نے استعفی دیا تو میرا عہدہ رکھنے کاجواز نہیں بنتا تھا جبکہ کووڈ 19 بھی استعفی دینے کی ایک وجہ بنا۔ان کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید کو تو کوچنگ کے بارے میں بولنا ہی نہیں چاہیے جبکہ وسیم اکرم بطور کو چ کامیاب رہے ہیں انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی آناچاہیے۔وقار یونس نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں رہاجبکہ سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے سے میراکوئی لینا دینا نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو عمر زیادہ ہونے کے بہانے نکالنا زیادتی ہے جبکہ شعیب ملک اس وقت سب سے فٹ کھلاڑی ہیں اور اعظم خان میں ٹیلنٹ ہے۔