گیس بحران جاری رہے گا ، عمران منیار

200
ایس ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیار کراچی چیمبر کے صدر شارق وہرا سے ایوانِ تجارت کا نشان وصول کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیار نے کہا ہے کہ جب تک کہ بندرگاہ پر آر ایل این جی کے نئے ٹرمینلز نہیں لگ جاتے، موسم سرما میں گیس بحران مزید ایک سے دو سال تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ہمارے سامنے مشکلات اور چیلنجز بہت ہیں لیکن ہم پُرامید ہیں کیونکہ پورٹ پر تیسرے ٹرمینل کی تکمیل اور آپریشنز کے آغاز ہوجانے پر اگر ایس ایس جی سی ٹرمینل کے مالک سے معائدہ کرنے کافیصلہ کرتی ہے جو صرف اسی صورت میں ہوگا جب صارفین اضافی 500ایم ایم سی ایف لینے کا عہد کریںگے توکراچی کے تمام صارفین کو درپیش گیس قلت کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی جاوید بلوانی، صدر کے سی سی آئی شارق وہرہ، سینئر نائب صدر ثاقب گڈ لک، نائب صدر شمس الاسلام خان، سابق صدور کے سی سی آئی مجید عزیز، یونس بشیر، سابق نائب صدر محمد ادریس، چیئرمین پبلک سیکٹر یوٹیلیٹیز سب کمیٹی عاطف جمیل الرحمان اور منیجنگ کمیٹی کے ارکان کے علاوہ صنعتی ٹاؤن ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ایم ڈی ایس ایس جی سی نے گیس کی طلب و رسد کی مجموعی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 4 ہزار ایم ایم سی ایف گیس بشمول قدرتی گیس اور آر ایل این جی استعمال کی جا رہی ہے جس میں سے تقریباً 950 ایم ایم سی ایف سندھ اور بلوچستان کے مقامی وسائل سے ایس ایس جی سی کو فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 150 ایم ایم سی ایف آر ایل این جی بھی انہیں دی جا رہی ہے اور باقی تمام گیس ایس این جی پی ایل استعمال کر رہی ہے۔