ملک میں جان بچانے والی ادویات کی قلت کا خدشہ ہے ، سلیم الزماں

122

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ این سی او سی آکسیجن کی سپلائی سے متعلق اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے جس میں آکسیجن کی سپلائی صرف کوویڈ مریضوں تک محدود کردی گئی ہے۔ اگر اس فیصلے پر عملدرآمد کیا گیا تو ملک میں جان بچانے والی ادویات کی قلت کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی کی ممبرفارما انڈسٹری کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں ہیں جس کے تحت فارما انڈسٹری کو آکسیجن کی سپلائی بند کر دی گئی ہے جبکہ امراض قلب اور کینسر سمیت متعدد موضی امراض اور جان بچانے والی ادویات کی تیاری میں آکسیجن لازمی جز ہے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ این سی او سی کے فیصلے کے بعد فارما انڈسٹری کو آکسیجن کی قلت کے باعث ادویات کی تیار میں دشواری کا سامنا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں پاکستان کی بڑی ادویہ ساز کمپنیاں موجود ہیں، جبکہ ایشیا کی سب سے بڑی فارما کمپنی بھی کورنگی صنعتی ایریا میں موجود ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین این سی او سی اسد عمر سے اپیل کی کہ فارما انڈسٹری کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ جان بچانے والی ادویات کی تیاری بلا تعطل جاری رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ادویات ساز کمپنیوں کو آکسیجن کی سپلائی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ کوویڈ کے علاوہ دیگر جان لیواامراض میں مبتلا لوگوں کی زندگی کو محفوظ بنایاجاسکے۔