کورونا مزید 66 زندگیاں نگل گیا،ہلاکتیں 27 ہزار سے متجاوز

117

کراچی/ اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 66 افراد انتقال کرگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 56 ہزار 778 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3012 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح5.30 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔اب تک اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے مصدقہ فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار 581 ہے جن میں سے 5039 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں14مریض انتقال کرگئے جبکہ980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور10794 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس دوران20313 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں980 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا4.8فیصد ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں کورونا بے قابو ہوگیا ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔لاہور کے جناح اسپتال میں کورونا ٹیسٹ کی کِٹس بھی کم پڑگئی ہیں، مریضوں، ڈاکٹروں اور عملے کے بھی ٹیسٹ نہیں ہوسکے۔