عمران خان عوام کو سائیکل کا مشورہ دینے کے بجائے گھر چلے جائیں،ن لیگ

166

اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا عوام کے پاس آپ نے آٹا روٹی دوائی گیس بجلی لینے کے پیسے نہیں چھوڑے وہ گھوڑے اور سائیکل کہاں سے خریدیں ۔ انہوں نے کہا اس ملک میں سب سے زیادہ خرچہ آپ کا ہے آپ گھر چلے جائیں ہم عوام کے لیے پیٹرول آٹا ، چینی گیس دوائی بجلی سستی کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل استعمال کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے استعفادیں اور گھر جائیں۔ انہوں نے کہا گھوڑے، گدھے، بھینسیں، کٹے، مرغیاں، انڈوں کے سوا اور کچھ عمران صاحب کے دماغ میں نہیں آتا۔ انہوں نے کہا اے ٹی ایمز اور مافیاز کو بڑی گاڑیاں خرید کر دیں اور عوام کو گھوڑوں اور سائیکل خریدنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل کی نصیحت کر کے خود خصوصی طیارے میں بیٹھ کر باہر چلے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب کو گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں، نہ ہی انہیں یہ پتا ہے کہ سائیکل کتنے کی مل رہی ہے۔