چین سے خفیہ رابطوں کے باوجود امریکی فوجی سربراہ برقرار

182

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کو جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی پرمکمل اعتماد ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے اپنے چینی ہم منصب سے 2 بار در پردہ ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا، جس میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے چین کے ساتھ جنگ شروع کرنے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ صحافی باب ووڈورڈ اور رابرٹ کوسٹا کی مشترکہ کتاب ڈینجر پر تبصرہ کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتی ہوں کہ صدر جو بائیڈن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ملی کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ وہ 8ماہ سے صدر بائیڈن کی صدارت میں ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور صدر کو جنرل مارک ملی کی قیادت، حب الوطنی اور امریکی آئین سے وفاداری پر مکمل بھروسہ ہے۔ ساکی نے اپنے بیان میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام لگایا کہ وہ 6جنوری کو اپنے حامیوں کو کیپٹل ہل کی عمارت میں ہنگامہ آرائی اور بغاوت پر اکسا رہے تھے۔ جنرل مارک ملی کے دفتر نے ان کے چینی عہدے داروں سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملی نے حکام سے چھپ کر چین کے ساتھ خفیہ رابطے نہیں کیے۔