قوم کی تشکیل کے لیے قومی نصاب ضروری ہے ، کرنل مختار

135

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا ماہانہ اجلاس “تو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوںمیں”کے موضوع پر گزشتہ روز بیت الحکمت آڈیٹوریم ، مدینہ الحکمت میں منعقد کیا گیا ، جس کے مہمان خصوصی معروف تجزیہ کار اور صحافی کرنل (ر) مختار احمد بٹ تھے ۔ صدرہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سعدیہ راشد ، ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن اور رجسٹرار پرویز احمد میمن نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ کرنل (ر) مختار احمد بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کی تشکیل تعلیم سے ہی ممکن ہے جس کے لیے ملک میں یکساں قومی نصاب ضروری ہے ۔ آج 47سال ہوگئے لیکن ابھی تک قومی نصاب تیار نہیں کیا جا سکا ۔ جب پاکستان قائم ہوا تب پورے ملک میں ایک ہی نصاب تھا۔65کی جنگ میں لوگوں کا جذبہ دیدنی تھا کیونکہ اس وقت ہم ایک قوم تھے ۔شہید حکیم محمد سعید ، علامہ اقبال کے تصور شاہین کا عملی نمونہ تھے ۔ انہوں نے ویران علاقے میں علم کا شہر مدینتہ الحکمت قائم کرکے پورے علاقے کو آباد کردیا ہے ۔ ہمدرد ولیج اسکول کا قیام ایک عظیم قومی خدمت ہے ۔ آج ہمدرد ولیج اسکول کے طلبہ پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال بڑھتا جارہا ہے ۔ اس کی وجہ سے ہماری نئی نسل اپنی اقدار سے دور ہورہی ہے ۔سعدیہ راشد نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید نے بزم نونہال کے نام سے جس فورم کی بنیاد اگست 1985میں رکھی تھی ۔ وہ بزم آج بھی نونہال اسمبلی کے نام سے نونہالانِ وطن سے اپنا رشتہ جوڑے ہوئے ہے ۔ وطن کے نونہالوں کی حوصلہ افزائی ، کردار سازی اور قائدانہ صلاحتوں کو جاگر کرنا ادارہ ہمدرد کی بنیادی اقدار میں سیہے۔ یہ اقدار خود شہید حکیم محمد سعید نے قائم کی ہیں اور ہم ان کی فکر و فلسفہ پر عمل پیرا ہیں۔نونہال اسمبلی سے نونہال مقررین فضا بشیر (ہمدرد ولیج اسکول) اور سید محمد مدثر (ہمدرد پبلک اسکول پرائمری سیکشن ) نے خطاب کیا ۔ اجلاس کی اسپیکر کے فرائض ہمدرد پبلک اسکول کی طالبہ عیشل رضوان نے انجام دئیے جبکہ قائدایوان لائبہ ارسلان اور قائد حزب اختلاف کامران احمد صدیقی تھے ۔اجلاس میں ہمدرد پبلک اسکول اور ہمدرد ولیج اسکول کے طلبہ حافظ ریان حسین غوری، قادر بخش ، زویہ انعام ، یاسمین، زبیر فہد قریشی اور ساتھیوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ اس موقع پر ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی ٹیبلوپیش کیے تیا ر کیا ۔اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے ولے نونہالوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔