گولیمار: پیتل والی گلی میں تجاوزات، ڈپٹی کمشنرسے جواب طلب

267

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نیا گولیمار پیتل والی گلی میں تجاوزات سے متعلق درخواست پر ڈپٹی کمشنر وسطی سے 15یوم میں جواب طلب کرلیا ۔جمعرات کو جسٹس عرفان سعادت خان کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے نیا گولیمار پیتل والی گلی میں تجاوزات سے متعلق محمد ذاکر ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت کی ۔سماعت کے موقع پر عدالت نے نیا گولیمار پیتل والی گلی میں تجاوزات ختم نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر وسطی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر وسطی تجاوزات ختم کیوں نہیں کروا رہے ہیں۔ سماعت کے دوران جسٹس عرفان سعادت خان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کی مہلت دی مگراب تک عمل نہیں ہوا۔دوران سماعت عدالت نے ڈپٹی کمشنر وسطی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر15یوم میں تجاوزات نہ ختم کیں تو پھر توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔اس موقع پر درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیا گولیمار پیتل والی گلی20 فٹ کی تھی،آج پیتل والی گلی 8 اور کہیں سے صرف تین فٹ ہے اورمتعلقہ ادارے اپنی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔