سی پیک کو وسطی ایشیاسے جوڑ نا چاہتے ہیں‘ فواد چودھری

116

دوشنبے‘اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اکنامک وژن کے تحت ہم سی پیک کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے منسلک کرنا چاہتے ہیں، افغانستان کے معاملے سے پہلے بھی ہم وسطی ایشیائی ریاستوں پر اس بارے میں زور دیتے رہے ہیں۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ ٹرانس مزار شریف ٹرین اور روڈ نیٹ ورک منصوبے کے تحت ہم گوادر اور کراچی کو مزار شریف کے راستے پہلے تاشقند اور اس کے بعد دوشنبے اور قازقستان سے ملانا چاہتے ہیں،تمام وسطی ایشیائی ریاستیں اس منصوبے کے تحت ٹرین اور سڑک سے منسلک ہو جائیں گی اور پورا منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا،ہمیں پوری امید ہے افغانستان میں صورتحال بہتر ہوگی ، دنیا افغانستان میں طالبان حکام کیساتھ ایگریمنٹ کر کے چلتی ہے تو اس میں افغانستان اور دنیا کا فائدہ ہوگا،اگر ہم نے افغانستان کو موجودہ صورتحال میں راستے میں چھوڑ دیا تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے ۔علاوہ ازیں ایک ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سے کم ہیں، تعمیرات اور انڈسٹری سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی آمدن میں اضافہ ہوا، تنخواہ دار طبقے کی مشکلات اپنی جگہ لیکن60فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے جن کو1100ارب روپے اضافی آمدنی ہوئی، تعمیرات اور انڈسٹری سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا، مستری اور مزدور کی دیہاڑی 3گنا بڑھی۔