شہری کی گمشدگی، عدالت کا جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملزم نامزد کرنیکا حکم

135

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں شہری طاہر زمان اور دیگر لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت، عدالت نے شہری طاہر زمان گمشدگی کیس میں جیل سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو کو ملزم نامزد کرنے کی ہدایت کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں شہری طاہر زمان کی جیل سے گمشدگی سے متعلق سماعت ہوئی جہاں عدالتی حکم پر جیل سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو پیش ہوئے، عدالت نے کہا کہ جیل کے اندر سے لاپتا شہریوں کی گمشدگی میں جیل سپرنٹنڈنٹ سے تحقیقات کی جائے اور ملوث ہے تو کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ طاہر زمان 2018ء سے رہائی کے بعد جیل کے اندر سے لاپتا ہوا، دیگر لاپتا شہری واپس آچکے ہیں، طاہر زمان غائب ہے، تفتیشی افسر نے جیل میں تعینات پولیس اہلکاروں اور واپس لوٹنے والوں کے بیانات عدالت میں پیش کردیے، عدالت نے تفتیشی افسر سے ایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے لاپتا شہریوں کو فوری بازیاب کرانے کا حکم دیا۔