‘بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟’

262

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیٹرول 5 روپے مزید مہنگا ہو گیا ہے، خان صاحب! قوم کے اچھے دن کب آئیں گے؟

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہےکہ پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول بلند ترین سطح پر پہنچا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا گیا،  آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟

بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ عمران خان قوم کے اچھے دن کب آئیں گے، ڈالر، پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ہر شے دسترس سے دور ہوتی چلی جارہی ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  سستا پیٹرول دینے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنیوالے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کر رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔