ملا برادر دنیا کی 100 بااثر شخصیات میں شامل

1155

واشنگٹن: ملا عبدالغنی برادر کو ٹائم میگزین کی جانب سے 2021 کے بااثر ترین افراد میں شامل کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان کی نئی اعلان کردہ حکومت میں نائب وزیراعظم اور دوحہ معاہدے میں سرفہرست شخصیت اپنے وقت کے اعتبار سے 2021 کے 100 بااثر افراد میں شامل ہوچکے ہیں۔

ملا برادر نے امن معاہدے کے دوران امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں طالبان کی قیادت کی۔ برادر کو ایک پرسکون ، خفیہ آدمی سمجھا جاتا تھا۔ ملا عبدالغنی شاذ و نادر ہی عوامی بیانات دیتے ہیں۔

فروری 2020 میں ، جب امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں باضابطہ طور پر امن معاہدے پر دستخط کیے ، اس وقت ملا برادر طالبان کے اہم نمائندے تھے۔

حال ہی میں ، جیسا کہ طالبان نے افغانستان میں اقتدار حاصل کیا، ٹائم میگزین نے کہا ہے کہ ملا برادر تمام اہم فیصلے خود کرتے تھے جس میں سابق حکومت کے ارکان کو دی جانے والی معافی ، طالبان کے کابل میں داخل ہونے کو موقوف کرنا اور حکومت کے پڑوسی ریاستوں بالخصوص چین اور پاکستان کے ساتھ رابطوں اور دوروں سے متعلق فیصلے شامل ہیں۔

2010 میں ملا برادر کو پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے گرفتار کیا اور 2018 میں اس وقت رہا کیا گیا جب امریکہ افغانستان سے نکلنے کی کوششیں تیز کررہا تھا۔