معاشی بدحالی، لبنانی فوج اپنے ہیلی کاپٹروں میں سیاحوں کو گھمانے پر مجبور

340

لبنان کی معاشی بدحالی کے دوران ملک کے عوام اور ادارے اضافی آمدنی پیدا کرنے کے نئے اور غیر روایتی طریقے وضع کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اور اس میں فوج بھی سب کے شانہ بشانہ ہے۔

الجزیرہ کے مطابق لبنانی فوج نے اپنے ضروریات کو پورا اور نقد جمع کرنے کے لیے سیاحوں کو اپنے ہیلی کاپٹر میں 150 ڈالر کی سیر کی پیشکش کرنا شروع کردی ہے۔

سیاح اور لبنانی شہری فوج کی ویب سائٹ پر 15 منٹ کی سیر کے لیے سائن اپ کر سکتے ہیں، R44 رابنسن “ریوین” ہیلی کاپٹروں میں سیاحوں کو سیر کرائی جائے گی۔ عام طور پر یہ ہیلی کاپٹر پائلٹ طالب علموں کے پہلے سال کی ٹریننگ میں استعمال کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ پچھلے مہینے آرمی کمانڈر جنرل جوزف عون نے خبردار کیا تھا کہ لبنان کا معاشی بحران جزوی طور پر کئی دہائیوں کی حکومتی بدعنوانی اور بدانتظامی کی وجہ سے جلد ہی فوج سمیت تمام ریاستی اداروں کے ٹھپ ہوجانے کا باعث بنے گا۔