پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آج سے تعلیمی ادارے کھل گئے

321

اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آج سے بند تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں  جبکہ اسکولوں میں 50 فیصد حاضری والے فارمولے پر عملدرآمد سختی سے کروایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق  محکمہ اسکول اور ہائر ایجوکیشن نے الگ الگ نوٹیفکیشن میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے  جبکہ محکمہ کالجز اور یونیورسٹیزنے  بھی جامعات کو باقاعدہ سے کھولنے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ماسک کے بغیر بچوں کو کلاس کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور  ہفتے میں تین دن کلاسز ہوں گی جبکہ کورونا کیسز کی وجہ سےضلع بنوں میں اسکول ابھی مزید بند رہیں گے۔

خیال رہے تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاو کے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہوگا، جس کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقنینی بنائیں گی جبکہ تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے اسپرے کیے جارہے ہیں اور احتیاطی تدابیر کے بینرز بھی آویزاں ہیں۔

واضح رہے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں اور طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

یاد رہے کسی بھی شخص کو درجہ  حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا،  بچے کسی سے ہاتھ نہ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا بھی نہیں جھولیں گے۔

دوسری جانب  ملک بھرمیں بغیر ویکسی نیشن کے ٹرینوں میں سفر پر آج سے پابندی عائد کردی گئی ہے،  15 ستمبر تک کم از کم ایک ڈوز اور 15 اکتوبر تک مکمل ڈوز لگوانے والے مسافروں کو سفر کرنے کے اجازت ہوگی۔