لاڑکانہ ،پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ صحت عہدے کا ناجائز استعمال کرنے لگے

172

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ صحت قاسم سراج سومرو اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرنے لگے، قاسم سراج سومرو نے حکومتی طریقہ کار کو پسے پشت ڈال دیا، محکمہ صحت کو بائی پاس کرکے ڈائریکٹ وزیراعلیٰ سے ڈاکٹر بیکھا رام کی ملازمت میں توسیع کے لیے رجوع کرلیا، لیاقت میڈیکل ہیلتھ سائنسز جامشورو کے ریٹائرڈ ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر بیکھارام کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو بجھوادی، کووڈ 19 میں اچھا کام کرنے پر لیاقت میڈیکل ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کی مدت ملازمت میں 4 سال توسیع کی جائے، محکمہ صحت کے ذیلی ادارے یونیورسٹیز کے بورڈ نے اس عمل پر اپنے خدشات ظاہر کردیے۔ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ وائس چانسلر کی مدت ملازمت میں توسیع وزیراعلیٰ سندھ کے اختیار میں نہیں ہے جبکہ یہ اختیار یونیورسٹیز کے بورڈ کے پاس ہے۔ ذرائع کے مطابق لیاقت میڈیکل ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر بیکھارام 30اکتوبر کو ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر بیکھا رام پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سراج سومروکے قریبی دوست ہیں، عمرکوٹ میں قائم تھرپارکر میڈیکل کالج میں ڈاکٹر بیکھارام اور قاسم سراج ففٹی پرسنٹ پاٹنر ہیں، عمرکوٹ کے تھر میڈیکل کالج کو فعال کرنے اور لائسنس دلانے کے لیے ریٹائر ہونے والے ڈاکٹر بیکھا رام کی مدت ملازمت میں توسیع کی جا رہی ہے جبکہ صحرائے تھر کے غریب شہریوں کے لیے حصول تعلیم مہنگی کی جارہی ہے۔