بلدیاتی سہولیات کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے، ڈی سی سکھر

304

سکھر(نمائندہ جسارت ) ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے ، شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، سماجی تنظیموں کی نشاندہی پر شہر میں جاری ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کیخلاف محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائیں گے۔ کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث کسی بھی عناصر کو بخشا نہیں جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں آل پارٹیز الائنس سکھر کے رہنما حافظ محبوب سہتو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں مشرف محمود قادری، صاحبزادہ حامد محمود فیضی، کاشف قاضی، غلام نبی گھانگھرو، ماجد ڈنور، خورشید میرانی، حاجی انور کمال بلوچ، فاروق سومرو، بشیر جسکانی، ارشد شیخ و دیگر موجود تھے۔ آل پارٹیز الائنس سکھر کے وفد نے ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کو آگاہ کیا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کام انتہائی سست روی کا شکار ہیں اور جو کام ہورہے ہیں، ٹھیکیدار اس میں ناقص میٹریل استعمال کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا رہا ہے جو نا صرف حکومت بلکہ شہریوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ مصطفائی روڈ پر ٹھیکیدار کی جانب سے کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے، جس سے نہ صرف علاقہ مکین بلکہ شہریوں کو بھی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر میں جاری نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے ناقص پلاننک کی وجہ سے تباہ ہوگئے ہیں۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر سکھر کو شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات خصوصاً قریشی گوٹھ، مائیکرو بھوسا لائن میں نکاسی آب کا نظام تباہ ہے اور شہریوں کو فراہم کیے جانے والا گندا اور بدبودار پانی کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے شہر کی بھلائی کے لیے تجویز خوش آئند اقدام ہے، ہمیں خوشی ہے کہ سماجی تنظیمیں بھی شہر کے لیے میدان میں نکل پڑی ہیں۔ ان شاء اللہ شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور شہریوں کو ہر ممکن بلدیاتی و بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔