ٹنڈوالہیار ،مسن کے مکینوں کا عدم صفائی پر احتجاجی مظاہرہ

149

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)مسن بڑی میں گندگی کے خلاف دکانداروں اور اہل علاقے کا احتجاجی مظاہرہ، مسن بڑی شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے۔ ٹی ایم او جھنڈومری اور ڈی سی ٹنڈوالہیار فوری نوٹس لیکر صفائی ستھرائی کرائیں، علاقہ مکینوں کا مطالبہ۔ ضلع ٹنڈوالہٰیار کے علاقے مسن بڑی میں صفائی کے ناقص انتظامات سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ چھے مہینوں سے گٹر لائن کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے مختلف روڈ اور راستوں پر سیوریج کا پانی جمع نظر آتا ہے۔ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مسن بڑی میں گندگی کے سبب شہر کی رونقیں بھی ختم ہوگئیں۔ 2001ء میں یوسی مسن میں مقرر صفائی کے عملے کے 12 ملازموں کو نوکری سے فارغ کرنے کے بعد اور بلدیاتی نظام ختم ہونے کے بعد شہر میں کہیں بھی صحیح معنوں میں صفائی ستھرائی نظر نہیں آتی۔ چھے مہینوں میں گندگی کی وجہ سے شہر میں بدبو بڑھتی جارہی ہے اور موذی مرض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ گندگی سے چھوٹے بچے بخار، نزلہ، کھانسی، پیٹ کے درد سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہیں اور شہر میں کچرا رکھنے کی جگہ ختم ہونے کے سبب شہر کے رہنے والے کچرے کی تھیلیاں باندھ باندھ باہر پھینکنے کے سبب وہ تھیلیاں گٹر میں جانے کی وجہ سے نالیاں بند ہیں۔ نالیوں کے بند ہونے کے سبب اہل علاقے میں جھگڑے ہونا معمول بن گیا ہے۔ گندگی کی وجہ سے کمبہار پاڑہ، سموں پاڑہ، ملاح پاڑہ، پریس کلب کی گلی، جامع مسجد مسن تھانہ، پرانا بازار، پرانی بینک کے قریب اور دوسرے علاقوں میں گٹر ابلنے لگے، جسکی وجہ سے شہریوں کو آنے جانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ شوکت زمان لغاری، علاؤالدین کمبہار، سارنگ میر جت، آصف لغاری، عمیر ملک، عمران سموں، اسد اللہ کمبہار، اللہ بخش سموں، روی میگھواڑ، پریم سوٹھڑ نے ڈی سی ٹنڈوالہٰیار سمیت منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر مسن بڑی میں صفائی ستھرائی کا مسئلہ حل کیا جائے اور گندے پانی کی نکاسی کا انتظام کرکے شہریوں کو پریشانی سے بچایا جائے۔