شکارپور،پولیس اہلکاروں میں تلخ کلامی،فائرنگ سے ساتھی زخمی

99

شکارپور (نمائندہ جسارت) قبائلی تصادم کے بعد اب پولیس اہلکار کی پولیس اہلکار پر فائرنگ، نتیجے میں پولیس اہلکار غلام مجتبیٰ معرفانی شدید زخمی تشویشناک حالت میں سکھر اسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اسٹورٹ گنج کی حدود جیکب آباد لاڑکانہ شکارپور بائی پاس کے مقام پر پولیس اہلکار بشیر لاشاری نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی نتیجے میں پولیس اہلکار غلام مجتبیٰ معرفانی شدید زخمی ہوگیا ۔واقعے کے بعد ملزم پولیس اہلکار بشیر لاشاری آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کے بعد زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال شکارپور منتقل کردیا گیا جہاں پر زخمی اہلکار کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث سکھر منتقل کیا گیا، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ پولیس افسران نے رابطہ کرنے پر کہا کہ آپس میں دونوں دوست تھے معمولی تلخ کلامی پر اسٹورٹ گنج پولیس اہلکار بشیر لاشاری نے لائن میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں غلام مجتبیٰ معرفانی شدید زخمی ہوئے ہیں، دوسری جانب زخمی اہلکار کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان اور ملزم اہلکار دونوں دوستوں کے ساتھ ہوٹل پر بیٹھے تھے اسٹورٹ گنج تھانے پر ڈیوٹی سر انجام دینے والا پولیس اہلکار بشیر لاشاری آپے سے باہر ہوگیا جس نے سیدھی فائرنگ کرکے ہمارے نوجوان کو زخمی کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث پولیس اہلکار کی گرفتاری کے لیے ضلعے بھر میں ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی ہے آخری اطلاع تک نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی نہ کوئی مقدمہ درج ہوا۔