قدرتی ماحول پرقومی کانفرنس آج ہوگی

194

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) کے تحت کوقدرتی ماحول کی بحالی پر کانفرنس اور 18ویں سالانہ انوائرنمنٹ ایکسی لینس ایوارڈز 2021کی تقریب 16ستمبر کو مقامی ہوٹل کراچی میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کے حوالے سے فورم کے صدر محمد نعیم قریشی نے بتایا کہ اس کانفرنس میںماحولیاتی تحفظ، بڑے شہروں بالخصوص کراچی میں ٹرانسپورٹ، ہائوسنگ، صحت و صفائی، ترقیاتی منصوبے ، شجرکاری کے حوالے سے ماہرین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر جنگلات تیمور تالپور، صوبائی وزیر ماحولیاتی تبدیلی اسماعیل راہو، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر شارق وہرا مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ اس موقع پرسیکرٹری ماحولیات محمد اسلم غوری، ڈی جی انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر نعیم مغل، سی ای او ای ایم سی پاکستان سید ندیم عارف، انیق احمد سینئر اینکرپرسن، شمس الحق میمن و دیگر بھی خطاب کریں گے۔نعیم قریشی نے مزید کہا کہ اس موقع پر 80 سے زائد اداروں کو بہترین ماحولیاتی کارکردگی پر ایوارڈ بھی دیئے جائیں گے۔