۔ 2 منشیات فروش بہنوں سمیت 37 ملزمان گرفتار

151

کراچی( اسٹاف رپورٹر) رینجرزاورپولیس نے شہر میں کی گئی مختلف کارروائیوں کے دوران 37ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار شدگان میں 2 منشیات فروش بہنیں بھی شامل ہیں، گرفتار ملز مان سے بڑی مقدار میں منشیات ،اسلحہ ،مسروقہ موٹرسائیکلیں اور دوسری غیرقانونی اشیاء برآمد ہوئیں، رینجرزاور پولیس نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی میں ایک بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے اہم کارندے سبزل خان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے12کلو گرام چرس بر آمد ہوئی ۔دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ بلوچستان اور پشاور سے بڑے پیمانے پر منشیات خریدتا تھا اوراس منشیات کو حب اور ٹھٹھہ کے راستے کراچی پہنچاتا تھا اور مختلف ذرائع سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کر تا تھا،رینجرز نے قانونی کارروائی کے لیے اسے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ میانوالی کالونی میںشہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ایک ڈاکو کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گبول ٹاؤن اور شریف آباد پولیس نے 3 موٹرسائیکل چوروں کو گرفتار کر کے3 موٹر سائیکل برآمد کرلیں۔ سمن آباد، جوہر آباد، گلبرگ سے پولیس نے 5 منشیات فروشوں تیمور امجد ،مظہر علی، خضر اور ابراہیم کوگرفتار کرلیا،پولیس کے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے خاندانی منشیات فروش عبدالغفور کی دو بیٹیوں اور نواسے کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی حیدر رضا کے مطابق پولیس نے لیاری کلاکوٹ سے دو منشیات فروش بہنوں رضیہ اور صنم کو گرفتار کیا ،دونوں سے 235گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ خواتین نے بتایا کہ وہ لیاری کے بدنام منشیات فروش عبدالغفور کی بیٹیاں ہیں، ان کے دیگر فیملی ممبر بھی منشیات فروخت کرتے ہیں۔ملیر کینٹ پولیس نے موٹرسائیکل چوری اور منشیات فروشی میں ملوث5 ملزمان کو گرفتارکرلیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس اور2مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے درخشاں،گلستان جوہر، بہادر آباد، عوامی کالونی، شاہ فیصل کالونی، سعود آباد، کھوکھراپار، گڈاپ، ڈیفنس، قائدآباد، ڈاکس، بوٹ بیسن اور سعید آباد سے منشیات فروشوں، موٹر سائیکل چوروں اور رہزنوں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرکے منشیات، اسلحہ و دیگر اشیا برآمدکرلیں۔