ناصرحسین نے شیخ مجیب الرحمن پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا

150

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے بلدیہ غربی میں شیخ مجیب الرحمن پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول زرداری کے وژن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں جس میں عوام اور کارکنان کو ریلیف کی فراہمی کو ترجیحات میں رکھا گیا ہے ۔اس کے علاوہ دیگر کئی اسکیموں پر کام جاری ہے ان اسکیموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلیے کام جاری ہے، اس سادہ مگر پر وقار تقریب میں اراکین سندھ اسمبلی سلیم بلوچ ،لیاقت اسکانی ، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ علی احمد جان ،سلمان عبداللہ مراد، ایم ڈی واٹر بورڈ ،ڈپٹی کمشنر ویسٹ زین العابدین انصاری ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی عبدالحلیم جاگیرانی اور میونسپل کمشنر اشفاق ملاح بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم کی طرح کام کررہے ہیں، ہم عوام کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ بعدازاں وزیر بلدیات نے باقاعدہ شیخ مجیب الرحمن پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عوام سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں عوام کی سہولیات کیلیے کام جاری ہے، صوبے کے ہر گلی محلے میں بلدیاتی وسائل کی فراہمی کا عمل جاری ہے جو اسکیمیں مکمل ہوتی جائیں گی ان کو عوام کیلیے کھولتے جائیں گے، پمپنگ اسٹیشن سے اس علاقے میں موجود افراد کو پینے کا صاف پانی کا حصول ممکن ہوجائے گا اور ان علاقوں میں جہاں پانی کا حصول مشکل تھا وہاں اب پانی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں عام آدمی کو وسائل کی فراہمی بلاتعطل جاری ہے جلد ہی دیگر اسکیموں کا بھی افتتاح کیا جائے گا ۔ آج کے دور میں لوگ نعروں پر نہیں عملی اقدامات کرنے والوں کا ساتھ دیتے ہیں اور پیپلزپارٹی عوامی پارٹی ہے یہاں عوامی مسائل کے حل کیلیے کام کیا جاتا ہے ۔