طالبان نے ضبط شدہ نقدی اور سونا مرکزی بینک کے حوالے کردیا

250

کابل: طالبان نے سابقہ حکومت کے عہدیداروں کے گھروں سے برآمد ہونے والے تقریبا ایک کروڑ 23 لاکھ امریکی ڈالرز مالیت کی نقدی اور سونا ملک کے مرکزی بینک دا افغانستان بینک (ڈی اے بی) کے حوالے کردیا ہے۔

بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابقہ انتظامیہ کے عہدیداروں کے گھروں اور سابق حکومت کی خفیہ ایجنسی کے مقامی دفاتر سے ملنے والی نقدی اور سونے کی اینٹیں دا افغانستان بینک کے خزانے میں واپس کردی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے عہدیداروں نے ان اثاثوں کو قومی خزانے کے حوالے کر کے شفافیت کے لیے اپنے عزم کو ثابت کردیا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے بھی 6.5 ملین ڈالر برآمد ہوئے تھے، جبکہ 18 سونے کی اینٹیں بھی برآمد کی گئی تھی، جس کی تصدیق افغان رہنما احمد اللہ متقی نے کی۔

طالبان نے 15 اگست کو دارالحکومت کابل کا انتظام سنبھالنے کے بعد 7 ستمبر کو نگراں حکومت کے قیام کا اعلان کیا تھا، متعدد قائم مقام وزراکو ذمہ داریاں دی گئیں اور ایک قائم مقام گورنر کو افغان مرکزی بینک میں تعینات کیا گیا۔