کوٹری، لاکھڑا فیلڈ کی زمین واپس سرکاری تحویل میں

206

کوٹری(پ ر)لاکھڑا کول فیلڈ کے 17مائن کمپنیوں سے 28ہزار738ایکڑ زمین واپس سرکاری تحویل میں لے لی گئی۔ڈی جی کول مائن ڈیولپمنٹ نے مذکورہ کمپنیوں کو نوٹس ارسال کردیے ۔ ایس ایس پی جامشورو نے مائن مالکان کو طلب کرلیا۔مائننگ کرنے سے روک دیا گیا۔ چوری چھپے کام کرنے والی کمپنی کیخلاف قانونی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی جامشورو۔ تفصیلات کے مطابق جامشورو کی تحصیل مانجھند کے علاقہ خانوٹ میں قائم لاکھڑا کول فیلڈ میں سندھ حکومت کی جانب سے ہزاروں ایکڑ زمین مختلف مائن کمپینوں کو لیز پر دے رکھی تھی جس پر گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل کول مائن ڈیولپمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے لاکھڑا کول فیلڈ کی 17مائن کمپنیوں کی زیر دسترس 28ہزار738ایکڑ زمین واپس سرکاری تحویل میں لے لیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کمپنی مالکان کو مذکورہ زمین پر فی الفور مائننگ کا عمل بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس سلسلے میں ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ نے مذکورہ مائن مالکان کو طلب کرتے ہوئے اپنے آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے مائن مالکان کو متنبہ کیا کہ وہ فوری مائننگ کا عمل بند کردیں۔کسی کو بھی کسی قسم کا اعتراض ہو تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتا ہے عدالت پہلے ہی اس پر فیصلہ دے چکی ہے کوئی یہ سمجھے کہ پٹیشن دائر کرکے کام شروع کردیں گے تو وہ غلط ہوگا جب تک عدالت کا فیصلہ نہیں آتا وہ کام کرنے کا مجاذ نہیں ہوگا۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایس ایچ او کو ہدایت دی کہ وہ مکمل نگرانی کریں گے اور کوئی بھی غیر قانونی سرگرمی دکھائی دے تو فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے جامشورو لاکھڑا فیلڈ کے بعض علاقہ آرمی فائرنگ رینج میں آنے کے سبب مائننگ کیلیے بند کرائے گئے ہیں اور لیز رد کرکے سرکاری تحویل میں لیا گیا ہے۔