حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے معروف تاجر شکیل قادری نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہینڈ انڈپینڈنٹ لیونگ سینٹر (آئی ایل سی) کا دورہ کیا اور وہاں موجود معذور بچوں سے ملاقات کی اور انہیں کمبل اور لیڈیز کپڑے دیے۔ اس موقع پر آئی ایل سی کے ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر لال محمد نے شکیل قادری کو سینٹر میں معذور افراد کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت سینٹر میں 50سے زائد معذور بچے موجود ہیں جنہیں ہم معالج معالجے ، تعلیم، آئی ٹی ٹیکنالوجی ، کھیلوں کی سرگرمیاں اور گھر جیسا ماحول فراہم کررہے ہیں۔ ہمارا مقصد ان بچوں میں نئی اُمنگ اور جستجو پیدا کرنا ہے کیونکہ معذوری کے باعث عمومی طورپر بچے گھروں میں رہ کر خود کو بے بس اور کمزور محسوس کرنے لگتے ہیں جن سے ان کی تخلیقی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔ لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ معذوری کے باوجود انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا ہے۔ تاجر شکیل قادری نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج اس سینٹر میں معذور بچے اپنی مرضی کی زندگی بسر کررہے ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ جس قدر ہوسکے ان بچوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اور انہیں خوشیاں فراہم کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ معذور ہونا کوئی جرم نہیں ،صحت و طاقت سب عطیہ خداوندی ہے ہمیں چاہیے کہ ان لوگوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں جو کسی وجہ سے معذور ہوگئے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے معذور افراد کیلیے بنائے گئے قانون کو خوش آئند قرار دیا۔